بھٹکل 30؍ نومبر(ایس اؤ نیوز)منگل کو منعقدہ میونسپالٹی کی میٹنگ میں انڈر گراؤنڈ ڈرینیج (یو جی ڈی)کام کو غیر معیاری قرار دیتے ہوئے کونسلروں نے سخت ناراضگی ظاہر کی اور بتایا کہ ویٹ ویل کی نشاندہی اور ویٹ ویل کی تعمیر کے بغیر راستوں کی کھدائی کرکے پائپ بچھانے کا کام کیا جارہا ہے۔ بھٹکل کے پرانے محلوں میں جہاں یوجی ڈی کی وجہ سے کنویں خراب پڑے ہیں، وہاں مرمت کرنے کا کام چھوڑ کر نئی جگہوں پر پائپ لائن کے لئے سڑکوں کو خراب کیا جارہا ہے۔
بلدیہ ممبر محی الدین الطاف کھروری، عبد الروف نائطے، قیصر محتشم، امشاد مختصر سمیت میونسپل صدر پرویز قاسمجی بھی یو جی ڈی کے کام کو لے کر غیر اطمینانی کا اظہار کیا۔
جیسے ہی یو جی ڈی کا ایجنڈہ پڑھا گیا، الطاف کھروری نے پوچھا کہ میٹنگوں میں صرف قراردادیں ہی منظور ہورہی ہیں کوئی کام نہیں ہورہاہے ، پچھلے ایک دوسالوں سے اندرونی نالیوں سمیت کئی کام ادھورے ہیں انہوں نے سوال کیا کام کیوں نہیں ہورہاہے۔ اس پر متعلقہ افسر اطمینان بخش وضاحت نہیں دےسکے۔
بلدیہ صدر پرویز قاسمجی نے کہاکہ ترقی یاتی کاموں کو لے کر ممبران مطمئن نہیں ہیں ، باربار اس تعلق سے سوال کیا جاتارہاہے اسی لئے اس معاملے کو آج کی میٹنگ کے ایجنڈے پر لایاگیا ہے۔ سمجھ میں نہیں آرہاہےکہ افسران کیسے کام کررہے ہیں۔ کیا افسران کا ٹھیکداروں پر کنٹرول نہیں ہے۔ اس معاملے میں پوری تفصیل ممبران اورعوام کے سامنے ظاہر ہو۔ اسی لئے اس پر بحث کا موقع دیاگیا ہے۔
کونسلر عبدالرووف نائطے نے ادھورے کاموں پر سخت اعتراض جتاتے ہوئے مکمل وضاحت چاہی انہوں نے کہا کہ ہر وارڈ کے عوام ناراض ہیں اگر کہیں عوام کاموں کو درمیان میں ہی روکتے ہیں تو افسران خود ذمہ دار ہوں گے۔ نائب صدر قیصر محتشم، شری کانت نائک، موہن نائک اور دیگر ممبران نے بھی اعتراض جتاتے ہوئےٹھیکدار سے پوچھا کہ کیا تم نے سبھی نالیوں کے چیمبر چیک کئےہیں کہ وہ کس حالت میں ہیں۔ ممبران نے کہاکہ چیمبر خراب ہونےکی وجہ سے پینے کے پانی کے کنوئیں کسی لائق نہیں ہیں۔ آخر کب تک یہ چلتا رہےگا کب اس کو تبدیل کیاجائےگا۔ اور جہاں چیمبروں کی تبدیلی ہورہی ہے وہ مناسب بھی نہیں ہے۔ چیمبر کہیں نیچےگیاہے تو کہیں اوپر آگیا ہے۔ یہ کیسا کام ہے۔ اسٹینڈنگ کمیٹی چیرمن امشاد نے بتایا کہ مخدوم کالونی میں 30فی صد بھی کام نہیں ہواہے۔ شکایت کرنےپر کوئی رسپانس نہیں ملتا۔ ممبران نےآپسی بات چیت میں کہاکہ فی الحال چیمبرس کی تبدیلی کاکام روک دیاجانا چاہئے۔ ڈی سی آنے کے بعد اس کے ساتھ بات چیت کرنےکے بعد ہی کام کو اگے بڑھانا چاہئیے تاکہ کام ہوتو ڈھنگ سےہو۔ اس پر انجنئیر نے وضاحت کی کہ جہاں بھی کام ٹھیک طرح سےنہیں ہواہے اس کی نشاندھی کریں تو ہم کام کو درست کریں گے۔
صدر پرویز قاسمجی نے ٹھیکداروں کی طرف سے دی گئی رپورٹ پر بات کرتےہوئے کہاکہ ان کے مطابق 110چیمبرس کا کام ہواہے۔ لیکن جب ہم دیکھتے ہیں تو کہیں بھی نظر نہیں آتا۔ یہیں پرانے بس اسٹانڈسے سلطانی محلہ تک کا کام کرکے آگے کا کام چھوڑدیا گیا ہے۔ باربار سڑک کو کھودنا پھر اس کو درست کرنا یہ سب مناسب نہیں ہے۔ مجموعی طورپر میونسپالٹی کے سبھی ممبران نےیو جی ڈی کاموں کے متعلق عدم اطمینان کا اظہارکیا۔
میٹنگ کے آخر میں صدر پرویز قاسمجی نے ممبران کی حمایت سےکہاکہ اب کوئی نیا کام نہیں ہوگا، انہوں نے انجینئر اور متعلقہ حکام سے کہا کہ اب یو جی ڈی کی درستگی اور مرمت کا کام شروع کیا جائے اسی طرح ویٹ ویل وغیرہ کو بھی ٹھیک کرتےہوئے اس پر کام کرنا شروع کریں۔ ایک ماہ کے اندر ان کاموں میں پیش رفت دکھائیں ۔ اس کے بعد ایک خصوصی میٹنگ بلائی جائےگی۔ اگر 75فی صد بھی اطمینان بخش پیش رفت نظر آتی ہے تو اگلی میٹنگ میں اگے کے تعلق سے فیصلہ لیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ کام معیاری ہو اور ٹیکنیکل ماہرین کے ذریعے جانچ کرائیں۔ اس وقت تک کوئی نیا کوئی کام نہیں ہوگا سب بند ہونگے۔ متفقہ طورپر اس قرارداد کو منظور کیا گیا۔
اس موقع پر میونسپل چیف افسر کے ایم سریش کے ساتھ ساتھ کاروار سے تشریف فرما واٹر بورڈ کے اسسٹنٹ انجینئر شیو رام نائک، پلاننگ آفسر وینو گوپال شاشتری، انجینئر اُمیش مڈیوال، ششی دھر ہیگڈے اور یو جی ڈی کنٹریکٹر شیلیش پٹیل ودیگر میونسپل اہلکار وغیرہ موجود تھے۔ خواتین کونسلروں نے بھی میٹنگ میں اپنے اپنے حلقوں کے مسائل بیان کئے۔
میٹنگ میں دوسرے ایجنڈوں پر بھی بات چیت ہوئی۔